وزارت خزانہ کی دستاویز میں مختلف سرکاری محکموں میں تعینات افسران کے بھاری تنخواہوں کی تفصیل سامنے آگئی۔
دستاویز کے مطابق مختلف سرکاری محکموں میں تعینات افسران بھاری تنخواہوں کے ساتھ ساتھ الگ سے مراعات بھی حاصل کررہے ہیں۔ بعض اداروں کے سربراہان کی ماہانہ تنخواہ ڈیڑھ کروڑ روپے تک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
دستاویز کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک کی تنخواہ 40لاکھ روپے ہے، زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کی تنخواہ ساڑھے 54 لاکھ ہے جبکہ پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے ایم ڈی کی ماہانہ تنخواہ 1 کروڑ 53 لاکھ سے زائد ہے۔ انویسٹمنٹ کمپنیوں کے سربراہان کو تنخواہوں کے علاوہ مراعات بھی مل رہی ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق صدر ایگزم بینک ماہانہ تنخواہ 50 لاکھ، صدر فرسٹ ویمن بینک کی 22 لاکھ سے زائد ہے، چیئرمین ایس ای سی پی کی ماہانہ تنخواہ ساڑھے 36 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
پرال کے سی ای او کی ماہانہ تنخواہ 52 لاکھ روپے،تنخواہ کا 15 فیصد الاؤنس ملتا ہے، سی ای او پاکستان سنگل ونڈو کی ماہانہ تنخواہ ساڑھے 26 لاکھ، 89 ہزار الاؤنس الگ ہے۔

