کوئٹہ : کے علاقے سریاب روڈ میں آوارہ کتوں کے حملے میں ایک معصوم بچے کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے پر شہریوں اور سماجی حلقوں نے شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں نے اس واقعے کو متعلقہ اداروں کی غفلت قرار دیتے ہوئے اسے لمحۂ فکریہ قرار دیا ہے۔
شہریوں کے مطابق شہر میں آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، خصوصاً سریاب روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن اور دیگر گنجان آباد علاقوں میں یہ مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آوارہ کتے شہریوں، بالخصوص بچوں کے لیے مستقل خطرہ بن گئے ہیں، تاہم میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور دیگر متعلقہ ادارے صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آئے روز شکایات اور مختلف واقعات کے باوجود آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے نہ کوئی مؤثر مہم چلائی جا رہی ہے اور نہ ہی شہریوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس بڑھتا جا رہا ہے۔
شہریوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں آوارہ کتوں کے خلاف فوری اور ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع کیا جائے، خصوصاً اسکولوں، گلی محلوں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

