ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان کسی ملاقات کے منصوبےکی تردید کردی۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔
ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ اس دورے میں پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوگی جس میں پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی سے متعلق امور پر بات ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کی مسلط کردہ جارحانہ جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی سے متعلق امور پر بھی بات ہوگی۔
ترجمان نے بتایاکہ اس دورے میں ایران اور امریکا کے درمیان کوئی میٹنگ طے نہیں ہے، پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں ایران اپنے مشاہدات پاکستان کو فراہم کرے گا۔

