وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر اگلے ہفتے تک پاکستان کو مل جائیں گے۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا آج ہماری سعودی وزیر خزانہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی، پچھلے جمعہ کو بھی اسلام آباد میں سعودی وزیرخزانہ سےگفتگو ہوئی تھی، انہوں نے واضح بتا یا کہ 3 ارب کی سپورٹ اضافی ڈپازٹس کی صورت میں ادا کی جائے گی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے3 ارب ڈالر کی سپورٹ اگلے ہفتے تک ہمیں مل جائےگی، ہم نے پچھلے ہفتے 1.4بلین ڈالر کی ادائیگیاں کی ہیں ، تمام ادائیگیاں وقت پر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ سالانہ رول اوور کے بجائے 2028 تک اس کی میچورٹی جائےگی، سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان اور سعودی وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

