پیر, اپریل 6, 2026
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریںامریکا نے دوبارہ غلطی کی تو عالمی توانائی اور تجارت کا بہاؤ...

امریکا نے دوبارہ غلطی کی تو عالمی توانائی اور تجارت کا بہاؤ ایک ہی وار سے مفلوج ہوسکتا ہے: ایران کا ٹرمپ کی دھمکی پر سخت ردعمل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر اخلاقی اور دھمکی آمیز بیان پر ایران کا سخت ردِعمل سامنے آگیا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے سینیئر مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ مزاحمتی محاذ کی متحدہ کمان باب المندب کو آبنائے ہُرمز کی طرح دیکھتی ہے ، امریکا نے دوبارہ کوئی غلطی کی تو عالمی توانائی اور تجارت کا بہاؤ ایک ہی وار سے مفلوج ہوسکتا ہے۔

ایرانی عدلیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران کی استقامت اور مزاحمت سے ٹرمپ پاگل پن کا شکار ہوچکے ہیں ، بوکھلاہٹ میں مبتلا امریکی صدر گھٹیا اور توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا کہ اپنے عوام کی فلاح و بہبود قربان کرکے دوسروں کو دھمکانے والا ٹرمپ پتھر کے زمانے میں پھنسا ہوا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے ٹرمپ کو مخاطب کرکے اپنے بیان میں لکھا کہ تم جنگی جرائم کے ذریعے کچھ حاصل نہیں کرسکو گے، تمہارے غیر ذمہ دارانہ اقدامات ہر امریکی خاندان کو زندہ جہنم میں دھکیل رہے ہیں، ہمارا پورا خطہ جلنے والا ہے کیونکہ تم نیتن یاہو کے احکامات ماننے پر مصر ہو، موجودہ صورتحال کا واحد حل ایرانیوں کے حقوق کے احترام میں ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں ایرانی سفارت خانے نے غیر متوازن رویے پر امریکا سے ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ  کر دیا۔ 

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کا ضمیر زندہ ہوتا تو یہ ادارہ جنگ کے شوقین ٹرمپ کی کھلے عام دھمکیوں پر خاموش نہ رہتا۔

ایرانی مشن نے کہاکہ ٹرمپ کی ایران کے اہم شہری بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی دھمکی جنگی جرم کی نیت کا واضح ثبوت ہے ، ایسے سنگین جنگی جرائم کو فوری رُکوانا بین الاقوامی برادری اور تمام ریاستوں کی قانونی ذمہ داری ہے ، کل بہت دیر ہوجائے گی ۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز نہ کھولنے پر سنگین نتائج کی ایک اور دھمکی دی ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ایران کے خلاف گالیوں کا بھی استعمال کیاتھا۔

 صدر ٹرمپ کا کہنا ہے تھا اگر ایران نے آبنائے ہرمز نہ کھولی تو شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا اور ایران پر قیامت ٹوٹ پڑے گی ،  منگل ایران کے لیے پاور پلانٹ ڈے اور برج ڈے ہوگا۔

 ٹرمپ نے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو زندگی جہنم بنا دی جائے گی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے