اتوار, اپریل 5, 2026
ہوماہم خبریںاشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار...

اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جارہی ہے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کیلئے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جارہی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کے نفاذ پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں سبسڈی فراہمی پر پیشرفت کے ساتھ ملک میں ایندھن کے ذخائر اور کھپت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسافر بسوں کو 1 لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے، منی بس و ویگنوں کو 40 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جارہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار اور ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے سبسڈی دی جارہی ہے، نظام میں شفافیت کیلئے یہ رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے قومی پیکج کے لیے طے شدہ رقم جمع کرا دی ہے جو لائق تحسین ہے، امید ہے باقی صوبے بھی اس پیکج کے لیے جلد از جلد طے شدہ رقوم جمع کرا دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا عوامی ریلیف پیکج دیا گیا، مشکل کی اس گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے، پیٹرول لیوی میں فی الفور 80 روپے فی لیٹر کی کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ریلوے 6 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے، مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ نہیں کیا جارہا، ٹال ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ بھی واپس لے لیا گیا ہے، مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہے عوامی ریلیف کے اقدامات کر رہے ہیں۔ 

اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا مصدق ملک، عطا تارڑ، علی پرویز ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، احسن اقبال، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طلحہٰ برکی، طارق باجوہ، ڈی جی آئی بی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے