مند: پاک ایران بارڈر پر واقع سوراپ مند تجارتی پوائنٹ کی بحالی نے خطے میں معاشی سرگرمیوں کے نئے دور کی بنیاد رکھ دی ہے۔
طویل عرصہ بند رہنے کے بعد اس پوائنٹ کا دوبارہ کھلنا نہ صرف مقامی تاجروں بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جس کے باعث مند سے لے کر پورے مکران ڈویژن میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔
علاقے کے مختلف طبقات نے اس فیصلے کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی پوائنٹ کی بندش سے مقامی کاروبار شدید متاثر تھے جبکہ بے روزگاری میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ سوراپ پوائنٹ کی بحالی سے اب ایک بار پھر تجارت، روزگار اور معاشی استحکام کے امکانات روشن ہو رہے ہیں،
اہلیان مند نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اس اہم پیش رفت کے پیچھے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز معتبر حاجی برکت رند، آئی جی ایف سی جنرل بلال سرفراز سمیت چند دیگر اہم شخصیات کی مسلسل کوششیں شامل ہیں۔
شہریوں کے مطابق ان رہنماؤں نے علاقے کے عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے وہ قدم اٹھایا جس سے پاک ایران تجارت کی بحالی ممکن ہوئی۔ بیان میں کہا گیا کہ تجارتی پوائنٹ کے دوبارہ فعال ہونے سے نہ صرف دو طرفہ تجارت بڑھے گی بلکہ مقامی مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش، ایندھن، تعمیراتی سامان اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی آمدورفت میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔

