جمعہ, اکتوبر 17, 2025
ہوماہم خبریںگورنر خیبر پختونخوا کا حزب اختلاف کو وزیراعلیٰ کے انتخاب کےخلاف درخواست...

گورنر خیبر پختونخوا کا حزب اختلاف کو وزیراعلیٰ کے انتخاب کےخلاف درخواست واپس لینے کا مشورہ

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں حزب اختلاف کو وزیراعلیٰ کے انتخاب کے خلاف دائر درخواست واپس لینےکا مشورہ دے دیا۔

خیبرپختونخوا میں حزب اختلاف کے ارکان نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے خلاف درخواست پر گورنر فیصل کریم سے مشاورت کی، اس دوران فیصل کریم کنڈی نے پٹیشن واپس لینے کا مشورہ دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے علی امین گنڈاپور نے وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیتے ہوئے اپنا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوایا تھا، تاہم گورنر کی جانب سے استعفیٰ موصول ہونے کی تردید کی گئی تھی، بعد ازاں ہاتھ سے لکھا ہوا علی امین گنڈاپور کا دوسرا استعفیٰ گورنر کو بھیجا گیا تھا۔

گورنر نے کہا تھا کہ انہیں بعد میں ہاتھ سے لکھا گیا استعفیٰ پہلے ملا، پہلے والا استعفیٰ تاخیر سے بعد میں موصول ہوا، تاہم انہوں نے دونوں استعفوں پر دستخطوں کا فرق ہونے کی وجہ سے علی امین گنڈاپور کو ملاقات کے لیے بلایا تھا، تاکہ استعفے کی تصدیق کی جاسکے۔

صوبے کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے کہا گیا تھا کہ علی امین گنداپور استعفیٰ دے چکے ہیں، لہٰذا نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا شیڈول جاری کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرلیا تھا، تاہم اپوزیشن نے انتخاب کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، جس کے بعد سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ بن چکے ہیں، وہ پی ٹی آئی کی عدالت میں دائر کردہ ایک درخواست پر عدالتی حکم کے بعد آج وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔

منگل کے روز پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس۔ ایم عتیق شاہ نے سہیل خان آفریدی کے بطور وزیرِاعلیٰ انتخاب کو آئینی قرار دیتے ہوئے خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کو حکم دیا تھا کہ وہ بدھ کی شام 4 بجے تک ان سے حلف لیں، ورنہ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر اسی روز آئین کے آرٹیکل 255 (2) کے تحت حلف برداری کی تقریب انجام دیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی منگل کے روز گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پر زور دیا تھا کہ وہ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق اپنا ’آئینی اور قانونی فریضہ‘ ادا کریں اور صوبے میں واپس جا کر منتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لیں۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ ’آپ کو خیبر پختونخوا جانا چاہیے‘، میں سندھ کے وزیرِاعلیٰ سے کہوں گا کہ وہ آپ کو اپنا طیارہ دے دیں تاکہ آپ خیبر پختونخوا پہنچ کر عدالت کے حکم کے مطابق اپنا آئینی اور قانونی فریضہ ادا کر سکیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے