ہفتہ وار مہنگائی میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران اکیس اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
مہنگائی اعشاریہ ایک سات فیصد اضافے سےسالانہ بنیاد پرچار اعشاریہ تین چار فیصد ریکارڈ کی گئی، وفاقی ادارہ شماریات کےمطابق گزشتہ ہفتے 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، زندہ برائلر مرغی، پیاز،گندم کا آٹا، انڈے،گڑ اورگھی مہنگا ہوا۔ جلانے کی لکڑی اور لہسن کے دام بھی بڑھ گئے۔
بیس کلو آٹے کا تھیلا 117 روپےمہنگا ہوا جس کی اوسط قیمت 2150 روپےرہی،بعض شہروں میں آٹے کا تھیلا 1810 سے 3 ہزار روپے تک فروخت ہوا،چکن کی قیمت میں 29 روپے فی کلو اضافہ ہوا اور اوسط ریٹ 350روپے فی کلو ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف شہروں میں زندہ مرغی 320سے 410روپے فی کلو میں فروخت ہوئی۔
گزشتہ ہفتےانڈے 7 روپےفی درجن مہنگے ہوئے،اوسط قیمت 321روپے رہی۔ مختلف شہروں میں انڈے 300 سے 360 روپے درجن میں فروخت ہوئے۔چینی کےدام بھی 48 پیسے بڑھے اور اوسط قیمت 184روپے فی کلو ریکارڈ ہوئی،مختلف شہروں میں چینی ایک سو ستتر سے دو سو روپے فی کلو میں فروخت ہوئی۔
دوسری جانب ٹماٹر،آلو،دال چنا،کیلے اورایل پی جی کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، 6اشیائے ضروریہ کےدام کم جبکہ 24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں تقریباً 30روپے فی کلو کمی آئی۔
مختلف شہروں میں ٹماٹر 150سے370 روپےفی کلومیں فروخت ہوا،گھریلو ایل پی جی سیلنڈرمعمولی سستا ہوا،اوسط قیمت 3045روپے ریکارڈ کی گئی،جبکہ بعض شہروں میں 3400 روپےمیں بھی فروخت ہوا۔