قطر پر اسرائیل کے حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے وزیراعظم سے نیویارک میں ملاقات کی ہے، نیویارک میں یہ ملاقات عشائیے پر ہوئی ہے۔
بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے اس ملاقات کی تصدیق کی ہے لیکن ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
صدر ٹرمپ اور قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کے مابین ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف بھی شریک تھے۔
نیویارک میں امریکی صدر کے ساتھ عشائیے سے قبل قطری وزیراعظم نے وائٹ ہاؤس میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔
امریکا میں قطری مشن کے نائب سربراہ نے ایکس پر لکھا کہ امریکی صدر کے سے ساتھ زبردست عشائیہ ابھی ختم ہوا ہے‘۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند روز قبل امریکی کے قریبی اتحادی ملک اسرائیل نے قطر کے دارالحومت دوحا میں حماس کے رہنماؤں پر حملہ کیا تھا۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ پیر کواسرائیل پہنچ رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ ایک ایسے وقت میں اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں، جب فرانس کی قیادت میں ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر بات ہوگی۔