ہفتہ, اگست 9, 2025
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںبلوچستان کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، ملک دشمن...

بلوچستان کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، ملک دشمن عناصر خطے میں خانہ جنگی چاہتے ہیں: سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دشمن خطے میں خانہ جنگی چاہتا ہے جسے مل کر ناکام بنائیں گے۔

بلوچستان کے دارالحکومت میں قومی استحکام کانفرنس سے خطاب سے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ قوم اس وقت معرکۂ حق میں عظیم فتح پر خوشیاں منا رہی ہے۔ پاکستان نے اس معرکے میں بھارت کے تکبر کو خاک میں ملا دیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بلوچستان کو ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جہاں دشمن عناصر صوبے میں خانہ جنگی کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، مگر ہم ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ملک سے دور کرنے کی منظم سازش کی جا رہی ہے۔ ایک سوچی سمجھی اسکیم کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو ورغلایا جا رہا ہے تاکہ بلوچستان کو کمزور کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں اور جو شخص ریاست کے خلاف بندوق اٹھائے، اس سے مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ تاہم امن کے لیے وہ ہر سطح پر بات چیت کے حامی ہیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ غیر متوازن ترقی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، لیکن یہ صرف بلوچستان تک محدود نہیں بلکہ ملک کے دیگر حصے بھی اس سے متاثر ہیں۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دو فیصد گمراہ لوگ پورے بلوچستان کی نمائندگی نہیں کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت قبائلی عمائدین نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تھا، اور آج بھی ہماری شناخت صرف پاکستان ہے۔ 14 اگست 1947 کے بعد ہماری پہچان پاکستان ہے، اور میری اپنی پہلی شناخت پاکستانیت ہے، اس کے بعد بلوچ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے درمیان اتحاد دوسرے صوبوں کے لیے ایک مثال ہے۔ امن و امان کے قیام میں علمائے کرام کا کردار قابل ستائش ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کو توڑنے کی بات کرتے ہیں، انہیں معرکہ حق میں اپنا انجام نظر آ چکا ہے۔ انہوں نے معاشرتی اصلاح کے لیے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ روایات کے مطابق کبھی کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچایا گیا، دہشت گردی میں صرف شدت پسند ملوث ہیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے