وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پہلگام واقعہ میں پاکستان پر الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ امن کے لیے بڑا خطرہ ہے، عالمی سطح پر بھارت کی رسوائی اور پاکستان کی شنوائی ہورہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے زیر اہتمام جنوبی ایشیا میں قیام امن پر پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کو ایک مختلف زاوئے سے دیکھنا ہوگا، پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کے لئے بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ امن کے لیے بڑا خطرہ ہے، بھارت نے جنوبی ایشیا میں امن سبوتاژ کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے، وہ پاکستان میں بھی دہشتگردوں کی پشت پناہی کررہا ہے، پہلگام واقعہ کا ہم پر بے بنیاد الزام عائد کیا گیا، ہم نے دنیا سے کہا کہ پہلگام واقعہ پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں اور ہم نے سفارتی سطح پر دنیا کے سامنے اپنا بیانہ پیش کیا۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ملک ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ہم ہرطرح کی جارہیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے، پانی ہماری بقا ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی قابل قبول نہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ناممکن ہے، معرکہ حق کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر دوبارہ زندہ ہوگیا ہے، یہ مسئلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کی بات کی ہے، عالمی سطح پر بھارت کی رسوائی اور پاکستان کی شنوائی ہورہی ہے۔