بدھ, جون 25, 2025
ہوماخبار کوئٹہایران نے سلامتی کونسل اجلاس میں اسرائیل کی شرکت غیر ضروری قرار...

ایران نے سلامتی کونسل اجلاس میں اسرائیل کی شرکت غیر ضروری قرار دیدی


اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اسرائیل کی شرکت غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت ضروری نہیں تھی۔
ایران کے جوہری پروگرام پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب میں ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ یہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی، اسرائیل نے بلااشتعال حملے کیے جب کہ تہران نے غیرقانونی جارحیت کاسامنا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے سول نیوکلیئر پروگرام پر حملہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے جب کہ سلامتی کونسل کا ایران پر جارحیت کی مذمت نہ کرنا مایوس کن ہے۔
امیر سعید ایروانی کا کہنا تھا کہ ایران سفارت کاری اور امن کا راستہ چننے کے لیے پرعزم ہے، ایران نے کبھی یہ جنگ شروع نہیں کی جب کہ تہران آئی اے ای اے سے مکمل تعاون کررہا ہے۔
اپنے خطاب کے دوران ایرانی سفیر امیر سعید ایراوانی نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی میں ثالث کا کردار ادا کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں برادر اور دوست ملک قطر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے اسرائیلی جارحیت کے خاتمے، جنگ بندی کے قیام اور خطے میں امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے مخلصانہ اور سفارتی کوششیں کیں۔
خیال رہے کہ میر سعید ایراوانی کی جانب سے قطر کے لیے یہ اظہارِ تشکر ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ایران نے ایک دن قبل خلیجی ملک میں واقع امریکی ایئربیس پر حملہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ قطری وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے پیر کے روز ایران کو جنگ بندی پر آمادہ کیا، جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جنگ بندی کا اعلان کیا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے