منگل, جون 24, 2025
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریںایران کا جنوبی اسرائیل میں پاور پلانٹ پر میزائل حملہ، بجلی کی...

ایران کا جنوبی اسرائیل میں پاور پلانٹ پر میزائل حملہ، بجلی کی فراہمی متاثر،کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکے


تہران:ایران نے صہیونی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کئی میزائل داغے دئیے جس کے بعد جنوبی اسرائیل میں ایک میزائل نے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکے سنے گئے ،دوسری جانب امریکا کے بعد اسرائیل نے بھی فردو ایٹمی پلانٹ پر حملہ کردیا،فردو ایٹمی پلانٹ میں دھماکے سنے گئے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک اسٹریٹجک انفرااسٹرکچر کے قریب میزائل گرا ہے، جس کے نتیجے میں کئی قصبات میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔حملے کے دوران تقریبا 35 منٹ تک سائرن بجتے رہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد آج سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا ہے۔اسرائیلی فوج ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب میزائل داغے ہیں، اسرائیلی میڈیا کے مطابق نہاریا، گشر حزیو، حیلا، میعونا اور میعیلیا سمیت کئی شہروں میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے اوپر ایک میزائل کو بلند فضا میں اڑتے دیکھا گیا، جس کے بعد فاصلے پر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 4 مقامات پر میزائل گرنے کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں ایک اشدود اور ایک مغربی مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع ہے۔تاہم ان مقامات کی نوعیت یا وہاں کیا نشانہ بنایا گیا، اس بارے میں واضح معلومات دستیاب نہیں ہیں، کیونکہ اسرائیل میں فوجی سنسر شپ کے تحت ویڈیوز یا معلومات شیئر کرنے پر سخت پابندیاں عائد ہیں اور خلاف ورزی پر قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔اس وجہ سے اس بات کی تصدیق کرنا مشکل ہے کہ کون سی تنصیبات یا علاقے متاثر ہوئے ہیں اور نقصان کی نوعیت کیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق گزشتہ 10 دنوں کے دوران ایران کے تابڑ توڑ میزائل حملوں سے اسرائیل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔زیادہ تر نقصان مرکزی اسرائیل میں ہوا ہے، لیکن حیفا جیسا اہم اسٹریٹجک شہر بھی مسلسل حملوں کی زد میں رہا ہے۔ دوسری جانب امریکا کے بعد اسرائیل نے بھی ایران کے فردو جوہری پلانٹ پر حملہ کردیا۔ گزشتہ روز امریکا نے دعوی کیا تھا کہ فردو ایٹمی پلانٹ کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا کے بعد اسرائیل نے بھی فردو جوہر پلانٹ پر حملہ کردیا، جس کے بعد جوہری پلانٹ میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایک بار پھر تہران میں سرکاری نشریاتی ادارے کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کردیا، صہیونی طیاروں نے تہران کی شاہد بہشتی یونیورسٹی کو بھی نشانہ بنایا، کراج شہر پر بھی بمباری کی گئی۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیل میں فوجی اہداف پر حملے کئے۔قبل ازیں قطری نشریاتی ادارے کے مطابق ایکس پر جاری کردہ بیان میں اسرائیل نے دعوی کیا کہ ان حملوں میں ریموٹ کنٹرول طیاروں کے ذریعے ایران کے 15 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو تباہ کیا گیا، ان حملوں میں رن ویز، زیرِ زمین بنکرز، ایک ایندھن بھرنے والا طیارہ اور ایرانی حکومت کے زیرِ استعمال ایف-14، ایف-5 اور اے ایچ ون طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، اسرائیلی فضائی حملوں میں ایران کے صوبہ یزد میں پاسداران انقلاب کے کم از کم 10 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ اسرائیلی فضائیہ کے طیاروں نے ان ہوائی اڈوں سے پرواز کی صلاحیت اور ایرانی فوج کی فضائی طاقت کے آپریشن کو متاثر کیا ہے۔اسرائیلی ڈیفنس فورس کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ تہران کی جانب سے داغے گئے میزائل کو تباہ کردیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی فوج نے صبح تہران کے جنوب مشرق میں واقع بڑے فوجی کمپلیکس پارچین پر حملہ کیا ہے، یہ فوجی کمپلیکس ایران کے حساس دفاعی اور میزائل پروگراموں سے وابستہ سمجھا جاتا ہے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے