منگل, جون 24, 2025
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریںاسرائیل کی مسجد اقصی پر چڑھائی، محافظین گرفتار، غزہ پر وحشیانہ حملے...

اسرائیل کی مسجد اقصی پر چڑھائی، محافظین گرفتار، غزہ پر وحشیانہ حملے میں 51 فلسطینی شہید،104زخمی


مقبوضہ بیت المقدس :اسرائیل نے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری رکھتے ہوئے مزید 51 نہتے فلسطینیوں کو شہید اور 104 کو زخمی کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے پناہ گزین کیمپوں اور گھروں پر بمباری کی جس سے عام شہری نشانہ بنے اور املاک کا نقصان ہوا جبکہ خوراک اور پانی کی کمی سے غزہ میں ہزاروں بچوں کی زندگی خطرے میں ہے۔غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 55 ہزار 969 ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ اکتیس ہزار دو سو بیالیس فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔عالمی اداروں کے مطابق بھوک سے بلکتے فلسطینی بچے مٹی کھانے پر مجبور ہو چکے ہیں، ورلڈ سینٹرل کچن نے چھ ہفتوں سے زائد کی معطلی کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصی کے ہال پر چڑھائی کر کے مسجد کی بے حرمتی کی اور الاقصی محافظین کو ڈیوٹی کے دوران ہی حراست میں لیا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس کے گورنریٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کا یہ اقدام اس مہم کاحصہ ہے جس کا مقصد مساجد کی انتظامیہ کو کمزور کرنا ہے اور وقف اتھارٹی میں بلا جواز مداخلت کر کے مساجد انتظامیہ اور عام مسلمانوں کو تکلیف پہنچانا ہے۔
اسرائیلی فوج نے مسجد اقصی پر اپنے دھاوے کو تلاشی لینے کا نام دیا ہے، یہ کارروائی مسجد کے صحن سے متصل پرانے ہال میں کی گئی ہے فوجی جتھے نے ہال میں موجود الماریوں کی توڑ پھوڑ کی اور الماریوں میں موجود مواد کو نقصان پہنچایا۔ایران کے ساتھ جاری جنگ سے منسلک ہنگامی حالت کے تحت مکمل بندش کے دوران اسرائیلی حکام نے مسجد اقصی کو صرف دو بار کھولا ہے۔ادھر اسرائیلی فوج کو غزہ سے مزید 3 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں مل گئیں جن میں ایک خاتون اور 2 نوجوان شامل ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی سے 3 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔انہوں نے تصدیق کی کہ اسرائیلی یرغمالیوں کی باقیات ہفتے کو ایک فوجی کارروائی کے دوران برآمد کی گئیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ میں ہمارے کمانڈرز اور جوانوں کا کامیاب کارروائی، عزم اور دلیری پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لاشیں ہفتے کو برآمد ہوئیں، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ غزہ میں کہاں سے انہیں نکالا گیا۔غزہ سے ملنے والی لاشیں 71 سال سالہ خاتون، 19 اور تقریبا 21 سال کے نوجوان کی ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے رواں ماہ اب تک غزہ سے 8 یرغمالیوں کی لاشیں برآمد کی ہیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے