اسلام آباد،کوئٹہ:تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی سے وزیرستان کے قومی مشران کے ایک نمائندہ وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی طویل اور غیرقانونی حراست پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی خیبر پختونخوا کے سینئر نائب صدر میر کلام وزیر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں محمود خان اچکزئی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ علی وزیر اور ان کے خاندان کے ساتھ اصولی اور بھرپور حمایت کی ہے اور مستقبل میں بھی ان کی رہائی کے لیے ہر ممکن سیاسی، آئینی اور اخلاقی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔محمود خان اچکزئی نے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا۔ وزیرستان کے مشران نے ان کے خلوص، محبت اور علی وزیر کے لیے مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پشتون قوم کا حقیقی ترجمان قرار دیا۔