مظفرآباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو پتا چل گیا کہ پاکستانی افواج اپنے دفاع کے لیے ہر وقت تیار رہتی ہیں، مودی سرکار پاکستان پر دوبارہ حملہ آور ہونے کے لیے سو بار سوچے گی۔یہ بات انہوں نے مظفر آباد میں بھارتی حملے میں شہید اور زخمی افراد کے اہل خانہ میں رقومات کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام اور دیگر افراد نے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ چند دن قبل پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایسی جنگ چھڑی جو کسی بھی وقت خطرناک رخ اختیار کرسکتی تھی جس کے نتائج بھیانک ہوتے، پہلگام کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے مگر ہندوستان نے اس کی آڑ میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کردی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پوری دنیا کو باور کرایا کہ یہ جھوٹا الزام ہے اور سازش کا حصہ ہے جو خطے کے امن کو برباد کرسکتا ہے، چنانچہ ہم نے واقعے کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ اور تعاون کی پیشکش کی مگر ہندوستان کو یہ ہضم نہ ہوا اور اس نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ جواب میں پاکستان نے نہتے شہریوں کے بجائے بھارتی کے چھ جہاز گرائے جن میں رافیل اور مگ 29 شامل تھے، الفتح میزائل نے ہندوستان کو چھٹی کا دودھ یاد دلایا، مگر ہندوستان باز نہ آیا اور پاکستان پر حملے جاری رکھے، ہندوستان کو غرور تھا کہ دنیا کی طاقتیں اس کے ساتھ کھڑی ہوگئیں مگر ایسا نہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے جوابی حملے کے بعد آرمی چیف نے مجھے فون کرکے پیغام دیا کہ بھارت سیز فائر کرنے یعنی گھٹنے ٹیکنے کے لیے تیار ہے، اب مودی سرکار پاکستان پر دوبارہ حملہ آور ہونے کے لیے سو بار سوچے گی، ہماری تینوں افواج مل کر بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، تینوں افواج نے اس موقع پر آج 1971 کا بدلہ لے لیا۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پوری قوم مسلح افواج کے پیچھے کھڑی رہی، 24 کروڑ عوام کی دعاں کی بدولت معرکہ حق میں عظیم فتح نصیب ہوئی، انہوں نے کہا کہ سپہ سالار کی قیادت میں اللہ نے بے پناہ کامیابیاں عطا فرمائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ مظفرآباد آمد کا مقصد شہدا کے ورثا سے اظہار یکجہتی کرنا ہے، شہدا کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں، لواحقین کے معاشی مسائل کا حل ضروری ہے، شہدا کے ورثا کو فی کس ایک کروڑ، زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے شہدا کے ورثا کو رینک کے حساب سے 1 کروڑ سے 1 کروڑ 80 لاکھ دیئے جائیں گے، شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ورثا کے لیے تنخواہ اور الانسز جاری رہیں گے، افواج پاکستان کے زخمیوں کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہدا اور زخمیوں کے لیے امدادی پیکیج حکومت کی ذمہ داری ہے، 24 کروڑ عوام کی دعائیں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔