خضدار:بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی صدر اور سابق وفاقی وزیر میر اسراراللہ خان زہری نے خضدار زیر پوائنٹ پر آرمی پبلک اسکول کی بس پر بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک افسوسناک، دل دہلا دینے والا اور انسانیت سوز واقعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے، بے گناہ معصوم بچوں کی شہادت اور درجنوں بچوں کے زخمی ہونے کا واقعہ خضدار سمیت پورے بلوچستان کی سلامتی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔میر اسراراللہ زہری نے کہا کہ خضدار اور اس کے گرد و نواح میں لوگ خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں، یہاں سیاسی قائدین، صحافیوں اور عام شہریوں کو بھی تسلسل سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اب اسکول کے معصوم بچوں تک کو دہشتگردی سے محفوظ نہیں رکھا جا سکا، جو حکومت اور انتظامیہ کی سنگین ناکامی ہے۔انہوں نے کہا کہ خضدار میں قتل و غارت، بم دھماکے اور دہشتگردانہ حملے معمول بنتے جا رہے ہیں، انتظامیہ اور حکومت امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہوش کے ناخن لیں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔میر اسراراللہ زہری نے مطالبہ کیا کہ اسکول بس دھماکے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اس بہیمانہ واقعے میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے۔ آخر میں انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں صبر جمیل اور زخمی بچوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔ آمین۔