بیلا:بیلا پولیس نے دو کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 25 کلو چرس برآمد کرلی اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او بیلا وحید علی مگسی نے مخبر کی اطلاع پر پولیس پارٹی کے ہمراہ نمی چیک پوسٹ بیلا کے مقام پر کارروائی کی، جس میں کوئٹہ سے کراچی جانے والی ڈبل ڈور پک اپ گاڑی سے 25 کلو چرس برآمد ہوئی۔ پولیس نے ملزمان عبدالرحمان ولد داد محمد اور عبید اللہ ولد فیض محمد کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ایک اور کارروائی میں پولیس نے دوران گشت لاوارث پجیرو گاڑی برآمد کی اور اس کے خلاف زیر دفعہ 550 کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ایس ایچ او وحید علی مگسی نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ گزشتہ روز بھی ایک چھاپہ مار کر بدنام زمانہ منشیات فروش شاہد عرف شایا کو گرفتار کیا گیا تھا۔وحید علی مگسی نے مزید کہا کہ مقتول ٹیکسی ڈرائیور نانا صالح رونجھو سے چھینی گئی کار اور اس کا موبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے اور قاتلوں کی نشاندہی ہو چکی ہے، جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔انہوں نے صحافیوں سے درخواست کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی اور منشیات کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

