کوئٹہ: ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے زیراہتمام اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کی کوشش اور اخبار مارکیٹ کو درپیش مسائل کیخلاف علامتی احتجاجی کیمپ کا انعقاد۔ احتجاجی کیمپ میں اخبارات،جرائد اور انجمن اخبار فروشاں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا اپنے مطالبات کو دوہراتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے کی واحد صنعت کو تباہی سے بچائے کیونکہ ایسے اقدامات کو پرنٹ میڈیا کی جانب سے ہرگز پذیرائی حاصل نہیں ہوگی بلکہ سخت رد عمل سامنے آئے گا۔بلوچستان سے شائع ہونے والے اخبارات اور جرائد سے ہزاروں خاندان وابستہ ہیں جو ایسی پالیسیوں سے براہ راست متاثر ہوں گے۔
احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے سے پرنٹ میڈیا بندش کی جانب جائے گا جو کسی صورت قبول نہیں۔اور ایسی کسی بھی پالیسی کو ہم تسلیم نہیں کریں گے جو بغیر مشاورت کے غاصبانہ انداز میں لاگو کرنے کی کوشش کی جائے۔دوسری جانب سے صوبے کی واحد اخبار مارکیٹ بھی فنڈز کے عدم اجراء کے باعث مسائل سے دوچار ہوچکی ہے حکومت کی جانب سے فوری طور پر فنڈز کا اجراء یقینی بنایا جائے۔احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو سلسلہ وار احتجاجی تحریک کو وسعت دی جائے گی جبکہ علامتی احتجاجی کیمپ روزانہ کی بنیاد پر سہ پہر 3 بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گا۔

