کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ شب سول اسپتال کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انہوں نے نوشکی میں تیل بردار ٹینکر پھٹنے کے المناک سانحے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔وزیراعلی نے زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیریس نوعیت کے زخمیوں کو ڈاکٹرز کی تجویز پر فوری طور پر کراچی منتقل کیا جائے۔میر سرفراز بگٹی نے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے مکمل علاج کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ نوشکی میں پیش آنے والا سانحہ انتہائی افسوسناک ہے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہیلی کاپٹر اور ایمبولینسز نوشکی روانہ کر دی گئیں اور 70 سے زائد زخمیوں کو فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
وزیراعلی نے بتایا کہ وزیر صحت اور ماہر ڈاکٹرز زخمیوں کی نگہداشت میں مصروف ہیں، جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے حادثے کے فوری بعد اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے اس موقع پر صحت کے شعبے میں اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی غفلتوں سے محکمہ صحت متاثر ہوا ہے، لیکن اب ہم اس میں انقلابی اصلاحات لا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ عام غریب بلوچ شہری کو صحت کی بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔ وزیراعلی نے سول اسپتال میں موجود صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور دیگر اعلی حکام سے بریفنگ بھی لی، اور زخمیوں کے لیے طبی خدمات کی تسلسل کے ساتھ فراہمی پر زور دیا۔انہوں نے سرکاری شعبے میں صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مقامی سطح پر مریضوں کے معیاری علاج کو ممکن بنانے کے اقدامات کو سراہا، اور طبی عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔