اسلام آباد:وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ بلوچستان میں امن ہو، انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو اخترمینگل سے بات کی ہدائت کی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے بلوچستان کی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کو کردار ادا کرنے اور بلوچستان کے اسٹیک ہولڈرز بشمول اختر مینگل سے بات چیت کرنے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف چائتے ہیں بلوچستان میں امن ہو۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے محمد مالک کو بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ بلوچستان کے مسئلے پر وفاقی حکومت سے بات کریں گے اور اگر ضروری ہوا تو وہ خود بلوچستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ بلوچستان میں مسائل کا سیاسی حل تلاش کیا جائے اور جتنی بھی جمہیوریت پسند قوتیں ہیں ان سے بات کی جائے اور ان مسائل سے نکلنے کی کوئی راہ اختیار کی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ماہ رنگ بلوچ کے حوالے سے تو بات نہیں ہوئی تاہم یہ ضرور فیصلہ ہوا ہے کہ اختر مینگل سے رابطہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بنیادی مطالبہ یہی ہے کہ بلوچستان کے مسئلے کا پْرامن حل تلاش کیا جائے اور وہاں لوگوں کے جو مطالبات ہیں انہیں سنا اور پورا کیا جائے۔ وہاں موجود نوجوانوں میں جو بے چینی اور اضطراب ہے اس کو دور کیا جائے۔