کوئٹہ:بلوچستان بھر میں 6 دھماکے2اہلکار شہید میجر سمیت 2جوان زخمی ہوگئے جعفرآباد،قومی شاہراہ پر ہینڈ گرنیڈ برآمد، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا تفصیلات کے مطابق قلات کے علاقے اسکلگو میں گزشتہ شب دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق، جبکہ میجر سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق یہ دو دنوں میں دوسرا دھماکا ہے۔ پیر کے روز ہربوئی میں ہونے والے بم دھماکے میں ایک اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ضلع آواران کی تحصیل مشکے میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز تھانے پر حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا اور تھانے پر راکٹ گولے بھی داغے۔لیویز فورس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ شدید مزاحمت کے باعث حملہ آور پسپا ہو کر فرار ہو گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔نوشکی میں بس اڈہ کے قریب واقع ایف سی کے مرکزی کیمپ 102 ونگ پر مسلح افراد نے شدید حملہ کیا تاحال کوئی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ذرائع کے مطابق آج صبح چھ بجے نوشکی شہر میں یکے بعد دیگرے تین زوردار دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔ حملے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ فورسز کے ڈرون کیمرے شہر میں پرواز کرتے دکھائی دیے۔حب مینگل آباد میں پولیس چیک پوسٹ کو نامعلوم افراد نے دستی بم حملے کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے ممکنہ طور پر سرچ آپریشن بھی کیا جائے گا۔چمن،کوئٹہ شاہراہ پر لیویز فورس کی گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔لیویز ذرائع کے مطابق، یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب لیویز اہلکار پوست کی فصل تلف کرنے کے بعد واپس جا رہے تھے۔ خوش قسمتی سے دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور تمام اہلکار محفوظ رہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ڈیرہ اللہ یار میں اولڈ بس اسٹینڈ کے قریب قومی شاہراہ سے ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے ہینڈ گرنیڈ الیکٹرک دکان کے باہر پھینکا اور فرار ہو گئے۔ فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو سیل کر دیا اور دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔واقعے کے بعد قریبی دکانیں اور مارکیٹ بند کرا دی گئیں، تاہم ہینڈ گرنیڈ کو ناکارہ بنانے کے بعد قومی شاہراہ کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔