وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر پیر کو 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم ریاض جائیں گے، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور کابینہ کے سینئر ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کے 9 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں عالمی رہنما، سرمایہ کار اور پالیسی ساز شریک ہوں گے، اجلاس میں جدت، پائیداری، معاشی شمولیت اور جیو پولیٹیکل چیلنجز پر غور ہوگا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون پر بات کریں گے۔
وزیراعظم دیگر عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان سے بھی ملیں گے، اس دوران علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا اور پاکستان کے سرمایہ کاری کے مواقع اور پائیدار ترقی کے وژن کو اجاگر کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ اقتصادی، سفارتکاری اور پائیدار ترقی میں تعاون کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

