ہفتہ, اکتوبر 18, 2025
ہوماہم خبریںپاکستان کی خبریںغزہ امن معاہدے میں دنیا بھر کے رہنماؤں کے بجائے پاکستانی لیڈر...

غزہ امن معاہدے میں دنیا بھر کے رہنماؤں کے بجائے پاکستانی لیڈر کو بات کرنے کا موقع ملا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری محنت کی وجہ سے پاکستان کو دنیا بھر میں عزت ملی ہے، مصر میں ہونے والے حالیہ غزہ امن معاہدے کے دوران دنیا بھر کے رہنماؤں کے بجائے پاکستان کے لیڈر کو تقریر کرنے کا موقع ملا۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے خانیوال میں ایک نجی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی معاذ پر پاکستان کو جو کامیابیاں ملی ہیں، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ تاریخی معاہدہ ہوا، جس طرح سعودیہ میں میرا استقبال ہوا، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسی طرح ہم نے دورہ امریکا کیا، جہاں میری اقوام متحدہ میں تقریر شیڈول تھی، بعد ازاں امریکی صدر کے ساتھ ملاقات میں غزہ کا معاملہ اُٹھایا۔

غزہ میں بے گناہوں کو شہید اور انفراسٹرکچر تباہ ہوا گیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ کو سب نے مل کر کہا کہ اس جنگ کو روکیں، انہوں نے وعدہ کیا اور پھر اس پر عمل بھی کیا۔

جنگ بندی سے قبل بے گناہوں کو شہید کیا جا رہا تھا، پاکستان نے اس جنگ بندی میں اپنا حصہ ڈالا اور ڈونلڈ ٹرمپ نے فرنٹ سے اس معاملے کو لیڈ کیا، انہیں اس کا کریڈٹ دینا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا معاشی میدان میں بھی ہم پاکستان کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں، سپہ سالار کا معاشی میدان میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمیں کئی چینلنجز درپیش تھے، آئی ایم ایف پروگرام بھی لینا پڑا، تاہم آج پاکستان کی قومی معیشت آگے بڑھ رہی ہے۔

پاک-بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل پاکستان کو بھارت کیخلاف تاریخی فتح نصیب ہوئی، افواج پاکستان کی دلیرانہ جوابی کارروائیوں اور عوام کی دعاؤں کے نتیجے میں یہ سب ممکن ہوا، اس جنگ کو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی تعریف کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب میں بہت محنت کے ساتھ کام کر رہی ہیں، وہ ٹرانسپورٹ، ہیلتھ اور تعلیم کے شعبہ جات میں شاندار انداز میں کام کر رہی ہیں، گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں بھی ان کی محنت کو سراہا، وزیراعلیٰ سندھ کی کاؤشوں کی بھی تعریف کی۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے حوالے سے انہوں نے کہا عہدہ سنبھالنے پر سہیل آفریدی کو کال کر کے مبارک باد دی اور انہیں پاکستان کے بہترین مفاد میں کہا کہ ہم آپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، آپ ہمارے لیے محترم ہیں۔

قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف نے خانیوال میں رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاھا سے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن کے سینئر رکن مرحوم عرفان احمد خان ڈاھا کے بیٹے سے تعزیت کا اظہار اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ مرحوم حاجی عرفان احمد خان ڈاھا مسلم لیگ ن کے سرگرم کارکن اور ہمارے دیرینہ ساتھی تھے، ان کی پارٹی کے لیے خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں، مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو اور عوامی خدمت کے مشن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے