بدھ, اکتوبر 8, 2025
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریں’خودکشی کی بیماری‘، ایسی تکلیف جو کسی دشمن کو بھی نہ ہو،...

’خودکشی کی بیماری‘، ایسی تکلیف جو کسی دشمن کو بھی نہ ہو، سلمان خان نے اپنی بیماری کی حقیقت بیان کردی

بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان نے ٹرائی جیمینل نیورالجیا کو ’خودکشی کی بیماری‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ایسا ناقابلِ برداشت درد ہوتا ہے کہ شاید کوئی یہ بھی نہ چاہے کہ اس کے دشمن کو ہو۔

جون 2025 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بالی وڈ اداکار سلمان خان نے انکشاف کیا تھا کہ وہ تین سنگین اعصابی بیماریوں کا شکار ہیں، جن میں ٹرائی جیمینل نیورالجیا (Trigeminal Neuralgia)، برین اینیورزم (Brain Aneurysm) اور اے وی ایم (Arteriovenous Malformation) شامل ہیں، تاہم اس کے باوجود وہ زندگی گزار رہے ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق سلمان خان نے حال ہی میں ایمازون پرائم کے پروگرام ’ٹو مچ وِد کاجول اور ٹوئنکل کھنہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بتایا کہ وہ اب جسمانی طور پر کافی حد تک بہتر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں ٹرائی جیمینل نیورالجیا تھا جو اب کافی بہتر ہوگیا ہے، جب کہ برین اینیورزم اور اے وی ایم اب بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرائی جیمینل نیورالجیا کے دوران ایسا ناقابلِ برداشت درد ہوتا تھا کہ شاید کوئی یہ بھی نہ چاہے کہ وہ اس کے دشمن کو بھی ہو، بات کرتے کرتے اچانک بجلی کے جھٹکوں جیسا درد اٹھتا تھا جو ہر چار پانچ منٹ بعد ہوتا تھا۔

بیماری کی شدت بیان کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ یہ سب سے بدترین درد ہے، اسے ’خودکشی کی بیماری‘ کہا جاتا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے سب سے زیادہ خودکشی ہوتی ہے اور وہ اس اذیت میں سات سال سے زائد عرصے تک مبتلا رہے۔

روزمرہ زندگی پر پڑنے والے اثرات بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس تکلیف کے باعث ناشتہ کرنے میں انہیں ڈیڑھ گھنٹہ لگتا تھا، وہ آملیٹ بھی چبا نہیں سکتے تھے اور اکثر خود کو زبردستی تکلیف دیتے تاکہ کھانے سے جان چھڑا سکیں اور یہ درد دوائیاں کھانے سے بھی کم نہیں ہوتا تھا۔

سلمان خان نے بتایا کہ کئی سال تکلیف برداشت کرنے کے بعد انہوں نے گاما نائف سرجری کروائی جس کے بعد انہیں کچھ حد تک سکون ملا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ گاما نائف سرجری کے دوران مریض کے چہرے پر 7 سے 8 گھنٹے تک پیچ فِکس کیے جاتے ہیں، مریض کو لیٹنے پر مجبور کیا جاتا ہے اور پھر گاما نائف کے ذریعے یہ عمل مکمل کیا جاتا ہے۔

اداکار کے مطابق انہیں خبردار کیا گیا تھا کہ اس طریقۂ کار سے ان کے درد میں صرف 20 سے 30 فیصد کمی آئے گی، لیکن معجزانہ طور پر اس علاج نے ان کا درد مکمل طور پر ختم کر دیا۔

سلمان خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یہ بیماری انہیں پہلی بار 2007 میں فلم ’پارٹنر‘ کی شوٹنگ کے دوران محسوس ہوئی تھی، جسے ابتدا میں ڈاکٹرز نے دانتوں کا درد سمجھا تھا۔

ٹرائی جیمینل نیورالجیا ایک ایسی بیماری ہے جس میں چہرے کی ایک جانب آنکھوں کے اوپر سے لے کر گردن تک شدید درد ہوتا ہے، اس مرض میں نیورونز درست کام نہیں کرتے، جس کی وجہ سے بجلی کے جھٹکوں جیسا درد محسوس ہوتا ہے جو ایک سے پانچ منٹ تک جاری رہ سکتا ہے۔

اس بیماری کے دوران دانت برش کرنا، ٹھنڈا یا گرم کھانا پینا بھی ممکن نہیں ہوتا اور یہ تکلیف بعض اوقات لامحدود مدت تک رہتی ہے، تاہم کچھ مریضوں میں یہ مسئلہ ایک سے دو ہفتوں بعد خود ہی ختم ہو جاتا ہے اور پھر طویل عرصے تک دوبارہ ظاہر نہیں ہوتا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے