کوئٹہ: آل پارٹیز کی کال پر آج 8 ستمبر کو بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکز و دکانیں، تمام قومی شاہراہیں بند کردیں۔
2 ستمبر 2025 کو سردار عطا اللہ مینگل کی چوتھی برسی کے موقع پر دہشت گردانہ حملے میں 14 سیاسی کارکن شہید اور چالیس سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ یہ حملہ دراصل صوبے کی اعلیٰ بلوچ، پشتون قیادت کو نشانہ بناکر کارکنوں کو قومی، سیاسی، جمہوری جدوجہد سے دستبردار کرانا تھا۔
اس سانحہ کے بعد 4 ستمبر کو کوئٹہ پریس کلب میں پشتونخوامیپ کے چیئرمین و تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی، بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل، نیشنل پارٹی کے سیکریٹری جنرل کبیر محمد شہی، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر داود شاہ کاکڑ، مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین نے پریس کلب کوئٹہ میں اس سانحہ کے خلاف 8 ستمبر بروز اتوار صوبہ بھر میں مکمل شٹرڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا۔