بدھ, اکتوبر 8, 2025
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریںامریکی ٹیرف کے سامنے جھکنے کے بجائے نئی مارکیٹوں پر توجہ دیں...

امریکی ٹیرف کے سامنے جھکنے کے بجائے نئی مارکیٹوں پر توجہ دیں گے، بھارتی وزیر تجارت

امریکا کی جانب سے 50 فیصد ٹیرف کے نفاذ کے بعد بھارتی وزیر تجارت پیوش گوئل نے پہلے عوامی بیان میں کہا ہے کہ بھارت جھکنے کے بجائے نئی مارکیٹوں کو حاصل کرنے پر توجہ دے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی درآمدات پر بھارتی اشیا کے لیے 50 فیصد محصولات اس ہفتے نافذ ہو گئے ہیں، جو نئی دہلی کی روسی تیل کی بڑے پیمانے پر خریداری پر سزا کے طور پر لگائے گئے ہیں، یہ اقدام ماسکو پر دباؤ ڈالنے کی امریکی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ وہ یوکرین میں اپنی جنگ ختم کرے۔

اس سال وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محصولات کو پالیسی کے وسیع ہتھیار کے طور پر استعمال کیا، جس سے عالمی تجارت میں ہلچل مچ گئی ہے۔

نئی دہلی میں ایک تعمیراتی صنعت کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہا کہ اگر کوئی ہمارے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرنا چاہتا ہے تو بھارت ہمیشہ تیار ہے۔

لیکن وزیرِ تجارت نے مزید کہا کہ بھارت جھکے گا نہ ہی کبھی کمزور نظر آئے گا، ہم ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے اور نئی مارکیٹیں حاصل کریں گے۔

ٹرمپ کی جانب سے محصولات کا تازہ وار بھارت اور امریکا کے تعلقات میں کشیدگی کا باعث بنا ہے، جب کہ نئی دہلی نے ان محصولات کو پہلے ہی ’غیر منصفانہ، غیر ضروری اور بلا جواز‘ قرار دیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات زرعی اور ڈیری منڈیوں پر اٹکے ہوئے ہیں۔

ٹرمپ کو امریکی اشیا کے لیے زیادہ رسائی چاہیے، جب کہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی اپنے کسانوں کو تحفظ دینے کے لیے پُرعزم ہیں، جو ایک بڑی ووٹر آبادی ہیں۔

2024 میں امریکا بھارت کی سب سے بڑی برآمدی منزل تھا، جہاں برآمدات کی مالیت 87 ارب 30 کروڑ ڈالر رہی۔

لیکن ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 50 فیصد ڈیوٹی ایک تجارتی پابندی کے مترادف ہے اور یہ چھوٹی کمپنیوں کو نقصان پہنچائے گی۔

کپڑے، سمندری غذا اور زیورات کے برآمد کنندگان پہلے ہی امریکی آرڈرز کے منسوخ ہونے اور بنگلہ دیش اور ویتنام جیسے حریفوں کو نقصان اٹھانے کی شکایت کر چکے ہیں، جس سے بڑے پیمانے پر روزگار کے خاتمے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

پیوش گوئل نے کہا کہ حکومت آنے والے دنوں میں ہر شعبے کی مدد اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے کئی اقدامات سامنے لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ بھارت کی برآمدات اس سال 25-2024 سے زیادہ ہوں گی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے