بدھ, اپریل 30, 2025
ہوماخباربلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت...

بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے‘سرفراز بگٹی

کوئٹہ:وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے وہ بیروزگار نوجوان جو مایوسی اور بے یقینی کا شکار تھے صوبائی حکومت نے ان کے لیے باعزت روزگار کے دروازے کھول دیئے ہیں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نوجوانوں کو ریاست کے قریب لائیں گے اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے وہ چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منتخب نوجوانوں کو ویزا اور دیگر سفری دستاویزات حوالگی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے وزیر اعلی بلوچستان نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بلوچستان سے نوجوانوں کا پہلا گروپ بیرون ملک روزگار کے لیے روانہ ہو رہا ہے جو نہ صرف اپنے مستقبل کو سنواریں گے بلکہ پاکستان اور بلوچستان کے سفیر کے طور پر کام کریں گے اور اپنے گھرانوں کی کفالت اور معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ زر مبادلہ بھیجوانے کا ذریعہ بنیں گے انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک جا کر محنت دیانت اور لگن سے کام کریں اور کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے پاکستان کی بدنامی ہو انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ہمارا صوبہ دیگر علاقوں سے مختلف معروضی حالات رکھتا ہے یہاں اگر کوئی نوجوان بیروزگار ہوتا ہے تو وہ ریاست مخالف عناصر کے ہتھے چڑھ سکتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ میرٹ اور گڈ گورننس کے ذریعے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کیا جائے وزیر اعلی بلوچستان نے اس موقع پر محکمہ لیبر اینڈ مین پاور اور بی ٹیوٹا کے حکام کو ہدایت کی کہ رواں سال جون تک تمام باقی ماندہ ٹرینڈ نوجوانوں کو بھی اس پروگرام کے تحت بیرون ملک بھجوانے کے عمل کو مکمل کیا جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے اس پروگرام کی کامیابی پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اظہارِ مسرت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ایک روشن مستقبل فراہم کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا وزیر اعلی نے بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی محنت اور لگن سے اپنی جگہ بنائیں اور بلوچستان و پاکستان کا نام روشن کریں اور جس مقصد کے لئے انہیں بھجوایا جاررہا ہے پوری تندہی سے روزگار پر توجہ دیں حکومت نے عوام کے ٹیکسز کے وسائل سے ان کو تربیت دی ہے اور بیرون ملک روزگار کا موقع فراہم کیا ہے اس لئے اگر کوئی بھی نوجوان محنت و لگن کے بجائے مقررہ مدت سے پہلے واپس آئے گا تو اس سے وہ اخراجات وصول کئے جائیں گے جو اس پر خرچ ہوئے، وزیر اعلی بلوچستان نے یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام پر عمل درآمد کے لئے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری لیبر اور ڈائریکٹر جنرل بی ٹویٹا طارق جاوید مینگل اور دیگر حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے پانچ سالوں کے دوران تیس ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کے لئے کا جو ہدف مقرر کیا ہے اس کو مکمل کرنے کے لیے محنت سے کام کرنا ہوگا انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو ترقی و معاشی استحکام کے بہترین مواقع میسر آ سکیں قبل ازیں صوبائی مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، تعلیم فاونڈیشن کے سربراہ ظفر قادر، ڈی جی بی ٹیوٹا طارق جاوید مینگل نے بھی خطاب کیا اور پروگرام کی افادیت اور پیش رفت پر روشنی ڈالی تقریب کے اختتام پر وزیر اعلی بلوچستان نے چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے نوجوانوں کو ویزا اور ضروری دستاویزات حوالے کیں تقریب میں صوبائی وزرا، مشیران، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی سمیت اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

E-Paper

حالیہ تبصرے