وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے پریس کانفرنس کے دوران سیلابی صورتحال پر گفتگو کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک کے 3 دریاؤں میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے، قادر آباد کی طرف پانی کا بہاؤ بڑھے گا جب کہ دریائے ستلج میں گندھارا سے ہیڈ خانکی کی طرف پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے خیمے اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کی جارہی ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ دو روز میں ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پوری طرح تیار ہیں، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج کے اطراف 2 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، ہیڈ خانکی میں 10 لاکھ کیوسک ریلہ موجود ہے، خانکی اور قادر آباد کے درمیان مزید طغیانی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئیں، جموں میں فلش فلڈ اور بادل پھٹنے سے نقصان ہوا، شدید بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی آئی، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، چیف سیکریٹریز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔