گورنر خیبر پختونخوا (کے پی) فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی گلی کوچوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، اب ان کی کسی تحریک میں جان نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ کے پی کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوچکا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈا پور کا نام لیے بغیر کہا کہ وزیر اعلیٰ رنگ روڈ سے ریلی شرو ع کرکے قلعہ بالا حصار پر سلامی دیں گے، قلعہ بالا حصار میں گارڈ آف آنر دیں گے اور اس کے بعد گھر چلے جائیں گے، وزیر اعلیٰ کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوچکا ہے، اب یہ اچھے بچے بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی اب اچھی ڈیو ٹی دے رہے ہیں، جس دن ڈیوٹی نہیں دی، فارغ ہوجائیں گے، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں جلسہ کرتی، یہاں طاقت کا مظاہرہ کرتی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اب وزیر اعلیٰ کی جلسے جلسوں کی حیثیت نہیں رہی ہے، ماضی میں ہمیں بھی جلسے جلسوں سے روکا گیا لیکن ہم کرتے رہے ،کوئی انتشار نہیں پیدا کرتے تھے۔
گورنر کے پی نے کہا کہ بانی پی ٹی اائی عمران خان کو سزائیں عدالتوں نے دی ہیں، اپنی حکومت کے دوران یہ لوگ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے دہشتگردوں کو واپس لے کر آئے۔