کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خون بہانے والوں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی اور بلوچستان میں دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ دشمن سن لے! بلوچستان میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست پر حملہ ناقابلِ برداشت ہے، قاتلوں کو چن چن کر مارا جائے گا، اور عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، جب تک دشمنوں کا خاتمہ نہیں ہوتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیر اعلی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں اور کوئی بھی دہشت گرد بچ کر نہیں جائے گا۔ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کی مکمل بیخ کنی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ قومی سلامتی پر حملہ ہے، جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔وزیر اعلی بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور قومی یکجہتی کے ذریعے دشمنوں کی جڑیں کاٹ دی جائیں گی۔