وزیراعظم شہباز شریف نے وادی تیراہ کے علاقے باغ میدان میں فتنہ الخوارج کی فائرنگ سے بےگناہ معصوم اور پرامن شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں پرامن شہریوں پر فتنہ الخوارج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے افسوس ناک واقعے میں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات بھی کی۔
شہباز شریف نےکہا کہ دہشتگردوں کے مکروہ عزائم پاکستانی عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور دہشت گردی کو منطقی انجام تک پہنچاکر دم لیں گے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں، ٹانک ضلع کے رغزئی گاؤں میں ایک مارٹر گولہ گرنے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے تھے، واقعے کے بعد، لواحقین اور مقامی شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹانک-جنوبی وزیرستان روڈ کو بند کر دیا تھا، اور مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کی فوری شناخت کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خیبر پختونخوا کے خصوصی مشیر برائے مواصلات و تعمیرات سہیل آفریدی کے مطابق، ایک روز قبل بھی ایسا واقعہ پیش آیا تھا جہاں ایک مارٹر گولہ ایک گھر پر گرا، جس کے نتیجے میں ایک کمسن لڑکی جاں بحق ہو گئی، واقعے کے بعد آج (27 جولائی) کو مقامی افراد نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے احاطے کے سامنے احتجاج کیا۔
سہیل آفریدی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ’ ناراض مقامی افراد ایف سی کمپاؤنڈ کے دروازوں پر جمع ہوئے، اور جب ہجوم کمپاؤنڈ کے قریب پہنچا تو فائرنگ کی گئی۔’
سہیل آفریدی کے مطابق، واقعے میں جانی نقصان اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ مظاہرین پر فائرنگ کس نے کی، اس حوالے سے مختلف بیانات سامنے آ رہے ہیں۔
ان کے بقول’ میں نے ضلعی حکام سے بات کی، جنہوں نے مجھے بتایا کہ فتنہ الخوارج (تحریک طالبان پاکستان) سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مظاہرین پر فائرنگ کی۔’