راولپنڈی میں تھانہ آر اے بازار کی حدود میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، اغوا کاروں نے مغویہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بناکر پھینکا اور فرار ہوگئے، متاثرہ لڑکی کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ لڑکی کو تھانہ صادق آباد کی حدود سے مسلح افراد نے رات کو اغوا کیا، ملزمان مبینہ طور پر زیادتی کے بعد لڑکی کو جان کالونی میں پھینک کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کا طبی معائنہ کروایا جا رہا ہے۔
آر اے بازار پولیس کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے بعد حقائق معلوم ہوں گے، میڈیکل کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے تھانہ پیرودھائی کے علاقے فوجی کالونی میں ایک لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا، مبینہ طور پر قتل کو چھپانے کے لیے لڑکی کے شوہر نے تھانہ پیرودہائی میں مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں اہلیہ پر طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق مقتولہ کو مبینہ طور پر جرگے کے فیصلے پر موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔
پولیس نے گورکن اور سیکریٹری قبرستان کمیٹی کو باضابطہ گرفتار کرلیا تھا۔
راولپنڈی پولیس نے قبر کشائی کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں درخواست بھی دائر کر دی تھی، عدالت نے مقتولہ کے ورثا کو 26 جولائی کو طلب کر لیا تھا۔
عدالت نے انتظامیہ کو قبر پر گارڈ تعینات کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔