اسلام آباد پولیس کے افسران کو جدید پولیسنگ اور ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے بیجنگ بھجوایا جائے گا، پولیس افسران بیجنگ میں پولیسنگ نظام کی بہتری کے لیے آرٹیفشل انٹیلیجنس کی بھی ٹریننگ لیں گے، جدید تربیت سے اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسلام آباد پولیس کے افسران کی بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تربیتی کورسز کرنے پر اتفاق ہوا۔
محسن نقوی نے کہا بیجنگ پولیس انتہائی فعال اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس فورس ہے، امن عامہ اور جرائم کی سرکوبی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں بیجنگ پولیس کا تعاون اسلام آباد پولیس کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو گا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ بیجنگ پولیس کی جانب سے اسلام آباد پولیس کو اینٹی رائٹ میں بھی تربیت فراہم کرنے کا خیر مقدم کریں گے، دہشت گردی، منظم جرائم، منشیات اور انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے معلومات کا بروقت تبادلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔