تہران:ایرانی وزارت صحت کے مطابق 12 روزہ جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 627 افراد جاں بحق ہوئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت صحت کے ترجمان حسین کرمانپور نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اسرائیلی حملوں سے ہونے والے جانی نقصان کی تازہ تعداد شیئر کی ہے۔حسین کرمانپور نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 627 افراد جاں بحق اور 4,870 زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان کے مطابق تہران میں سب سے زیادہ شہری جاں بحق ہوئے جبکہ کرمان شاہ دوسرے نمبر پر رہا اور خوزستان، لورستان اور اصفہان میں بھی نمایاں نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔اپنے بیان میں حسین کرمانپور نے لکھا کہ "میں کوئی فیصلہ نہیں سنانا چاہتا، میں زخمی بچوں، ماوں اور شہریوں کے دردناک مناظر کی تفصیل بیان نہیں کرتا اور اسے آج انسانی ضمیر کے فیصلے پر چھوڑتا ہوں۔”انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں تقریبا 86.1 فیصد متاثرین موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ 13.9 فیصد ہسپتالوں میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔