کوئٹہ:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 17 اور 18 مئی کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والی نام نہاد بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، ضلع آواران کے علاقے گِشکور میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جہاں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی ایجنٹ دہشتگرد یونس ہلاک جبکہ دو دہشتگرد زخمی ہو گئے۔دوسری کارروائی تربت شہر، ضلع کیچ میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دو بھارتی ایجنٹ دہشتگردوں، دہشتگرد رہنما صبر اللہ اور امجد عرف بچھو کو ہلاک کیا۔کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ یہ تمام دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دہشتگرد کا خاتمہ کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز پوری قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔