کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے بھارت کے پاکستان پر حملے میں بچوں،خواتین سمیت24افراد کی شہادت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارت کی ملٹری تنصیبات کو بروقت نشانہ بناکراسکے جنگی جنون کو خاک میں ملادیا ہے،مکار دشمن کو بھرپور جواب دینے اور بھارتی طیاروں کو نشانہ بنانے پرپاک فوج کے افسران اور جوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہاکہ مکار دشمن نے رات کی تاریکی میں پاکستان کے شہری آبادی پرحملے کئے جس میں بے گناہ اور معصوم شہری شہید ہوئے پاک فوج اور پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے
بھارت کی ملٹری تنصیبات اور بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایااور بھارت کے جنگی جنون کو خاک میں ملا نے پر افواج پاکستان کی جرات اور مستعدی لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتی ہے جس کا واضح ثبوت پاک فوج کی بروقت کارروائی کرکے بھارت کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اورعالمی ادارے بھارت کی جارحیت کا فوری نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اپنے ملک کے دفاع کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اورکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے حملوں کے جواب میں بروقت کارروائی کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔