کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ بزدلانہ حملہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے بلکہ انسانیت سوز عمل بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، اور اس کا مقصد صرف پاکستان میں خوف پھیلانا اور اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔ حاجی ولی محمد نورزئی نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے ہر حملے کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہے۔ نورزئی نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور خطے کے امن کو بچانے کے لیے اپنا مثر کردار ادا کرے۔