نوشکی:بلوچستان کے ضلع نوشکی میں منی پٹرول اڈے کے قریب پیٹرول سے بھرا ٹرک دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 50 افراد زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق ٹرک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دھماکہ ہوگیا، جس سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ اس دھماکے کے نتیجے میں فائر بریگیڈ کی گاڑی سمیت کئی موٹرسائیکلیں بھی متاثر ہو گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے 50 افراد میں سے 20 کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ کے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد نوشکی ٹیچنگ اسپتال میں فراہم کی گئی۔ حکام کے مطابق اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کی بہتر دیکھ بھال کی جا سکے۔واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کا عملہ اور عوامی رضاکاروں نے آگ بجھانے میں بھرپور حصہ لیا۔