ہفتہ, اکتوبر 24, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںبلوچستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں اور صوبے کے عوام ریاست...

بلوچستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں اور صوبے کے عوام ریاست اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں،سرفراز بگٹی

شمالی ڈیرہ بگٹی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مسلسل تیسرے روز کھلی کچہری کا انعقاد کرتے ہوئے مختلف اضلاع سے آنے والے شہریوں کے مسائل براہ راست سنے اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی اور علاقے کے مسائل، ترقیاتی ضروریات اور عوام کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو اپنی شکایات براہ راست حکومتی قیادت تک پہنچانے کا موقع فراہم کرنا اور متعلقہ محکموں کو مسائل کے حل کے لیے جوابدہ بنانا ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی نو گو ایریا نہیں اور صوبے کے عوام ریاست اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں باقاعدگی سے جاتے ہیں اور علاقائی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے عوام سے رابطے میں رہتے ہیں۔ علاقائی ترقی اور رابطہ سڑکوں کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے علاقے تونسہ کو بلوچستان سے ملانے والی شاہراہ کے لیے وفاقی حکومت سے فنڈز کے اجرا کی خاطر کوششیں کی گئی ہیں۔ اسی طرح چھپر قومی شاہراہ سے کھرڑ بزدار تک سڑک کی تعمیر کے لیے سروے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان کو پنجاب تک رسائی کے لیے ایک اور متبادل راستہ میسر آئے گا، جس سے آمدورفت میں آسانی پیدا ہونے کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ضلع بارکھان میں شامل ہونے والے علاقوں اندر پہوڑ، میریڑی واہ اور رڑہ شم سمیت تمام متعلقہ علاقوں کے سرکاری اسکول کھولنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی اداروں کی فعالیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کو بھی یکساں اہمیت دی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے ایک پائلٹ پراجیکٹ پر کام جاری ہے تاکہ بچیوں کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سے سیاسی و سماجی رہنما میر یعقوب بزدار نے ملاقات کی اور انہیں علاقے کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ امور پر ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ علاقے میں طبی سہولیات اور مریضوں کی بروقت منتقلی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کھرڑ بزدار سے ڈیرہ غازی خان تک مریضوں کو منتقل کرنے کے لیے فوری طور پر ایمبولینس سروس فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ایمبولینس سروس کے ماہانہ اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی تاکہ علاقے کے شہریوں کو ہنگامی طبی ضرورت کے وقت سہولت میسر آسکے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل، تعلیم و صحت کی سہولیات کی بہتری اور پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!