نصیر آباد:صوبائی وزیر ریونیو و سینئر سیاستدان میر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ محکمہ ریونیو کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ عوام کو ریونیو سے متعلق امور میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کرکے انہیں جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں بہت جلد ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کیا جائے گا، جس سے زمینوں کے ریکارڈ، سرکاری دستاویزات اور دیگر ریونیو امور میں شفافیت اور آسانی پیدا ہوگی اور عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے غیر ضروری دفتری چکروں سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور انتظامی نظام کو مزید مو¿ثر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ حلقہ انتخاب میں انتظامی سہولیات کی فراہمی کے لیے تحصیلوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ حاجی شہر، سنی مچھ سمیت سات سب تحصیلوں کو تحصیل کا درجہ دیا گیا ہے، جو علاقے کی انتظامی بہتری اور عوامی مسائل کے فوری حل کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ ان کی بھرپور کوشش ہے کہ بھاگ ناڑی کو بھی ضلع کا درجہ دلوایا جائے، کیونکہ کولپور سے بھاگ ناڑی تک وسیع و عریض رقبے پر پھیلی ہوئی آبادی کو حکومتی سہولیات کی فراہمی اور انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے مزید مو¿ثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، پسماندگی کا خاتمہ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کے دیرینہ مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، جن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں اپنے دفتر میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سردار عبداللہ خان ابڑو، نصیرآباد پریس کلب کے سابق صدر منٹھار خان منگی جنسار منگی فیض لہڑی علی جان منگی اور عابد علی دھرپالی سمیت سیاسی و قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ میر عاصم کرد گیلو نے مزید کہا کہ وہ حلقہ انتخاب کی ترقی کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی سطح پر بھی ترقیاتی منصوبے حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، تاکہ علاقے میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکے، عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو اور انہیں تعلیم، صحت، مواصلات، پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد پر پورا اترنا ان کی ذمہ داری ہے اور وہ عوامی مسائل کے حل، علاقے کی خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

