اسلام آباد/کوئٹہ:عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی کنوینر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے سینئر رہنما پروفیسر ڈاکٹر عبدالحلیم صادق سمالزئی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چوہدری اویس اور ترجمان بلاوڑہ شریف اسلام آباد سہیل کلیا بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی کی موجودہ تنظیمی صورتحال، بلوچستان کی سیاسی و سماجی فضا اور عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر عبدالحلیم صادق نے بلوچستان میں پارٹی کی مقبولیت، عوامی حمایت اور ممبر سازی مہم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان میں ایک امید کی کرن بن کر ابھری ہے، جو نوجوانوں، دانشوروں اور عام شہریوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے فکری اور سیاسی وژن کو عوام میں پذیرائی مل رہی ہے۔ اس موقع پر شاھد خاقان عباسی نے بلوچستان میں پارٹی کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پروفیسر حلیم صادق اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت اور خلوص کی بدولت بلوچستان میں پارٹی کی بنیادیں مضبوط ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم اور حساس خطہ ہے، جس کی ترقی، خوشحالی اور یکجہتی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ عوام پاکستان پارٹی کی صوبائی سیکرٹریٹ کا کوئٹہ میں یکم مئی 2025 کو باقاعدہ طور پر افتتاح کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں شاھد خاقان عباسی خود شرکت کریں گے، جبکہ دیگر مرکزی رہنما بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ یہ سیکرٹریٹ بلوچستان بھر کے کارکنان کے لیے مرکز کا کردار ادا کرے گا، جہاں تنظیمی معاملات، عوامی رابطے اور پارٹی کی سرگرمیوں کو مثر انداز میں مربوط کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالحلیم صادق نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بے روزگاری، تعلیم، صحت اور امن و امان کے مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں، جس سے عوام میں مایوسی اور احساسِ محرومی پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام خود کو وفاق سے کٹا ہوا محسوس کر رہے ہیں، جو کہ ایک نازک اور خطرناک رجحان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اور تمام قومی ادارے بلوچستان پر خصوصی توجہ دیں اور وہاں کے عوام کی شکایات، محرومیوں اور مسائل کو سنجیدگی سے سنا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ترقیاتی پیکجز یا اعلانات کافی نہیں، بلکہ عملی اقدامات اور سیاسی مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر شاھد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی کا وژن پورے ملک میں حقیقی جمہوریت، معاشی انصاف اور عوامی نمائندگی کو فروغ دینا ہے۔ بلوچستان کی ترقی، امن اور خوشحالی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور ہم تمام صوبوں کو برابر کا درجہ دے کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔