کوئٹہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت بدستور برقرار ہے، شہر کے اکثر پٹرول پمپس بند ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کھلے پمپس پر صارفین کا رش بڑھ گیا اور لمبی لمبی قطار لگ گئیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایرانی پیٹرول پر پابندی ہے اور ملکی پیٹرول کی عدم دستیابی نے پریشان کر دیا ہے، گھنٹوں لائن میں کھڑے رہنے کے بعد بھی پیٹرول نہیں مل رہا۔
صدر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قلت کی وجہ عید کی تعطیلات کے باعث ملکی پیٹرولیم کمپنیوں کا اسٹاک پہنچنے میں تاخیر ہے۔
انہوں ںے بتایا کہ شکارپور میں ڈپوؤں سے پیٹرول اور ڈیزل کی وافر مقدار میں لوڈنگ ہوگئی ہے، پیٹرول کی دستیابی کی صورتحال کو معمول پر آنے میں دو دن لگ سکتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کرکے تمام پیٹرول پمپس کی مانیٹرنگ شروع کر دی۔
ڈپٹی کمشنر مہر اللہ بادینی کے مطابق پیٹرول پمپ کو 5 ہزار لیٹر تک سپلائی جاری ہے، کسی بھی رجسٹرڈ پیٹرول پمپ کی بندش برداشت نہیں کی جائے گی۔

