دالبندین میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ریکی قبیلے کی معروف اور سرکردہ شخصیت ملک عبدالباری ریکی جاں بحق ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں مخالف گروپ کا ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ملک عبدالباری ریکی موقع پر جان کی بازی ہار گئے۔ فائرنگ کے دوران مخالف گروپ سے تعلق رکھنے والے محمد عارف بھی گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق قبائلی رہنما کی لاش اور زخمی شخص کو فوری طور پر شیخ فہد ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

