ایرانی حکومت نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران امریکا مذاکرات 14 گھنٹے بعد مکمل ہوگئے، تکنیکی ٹیمیں تحریری مسودوں کا تبادلہ کررہی ہیں، جو بعض اختلافات رہ گئے ہیں اس کے باوجود مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ایران نے مذاکرات آج بھی جاری رکھنےکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تجویز اور مذاکراتی ٹیموں کے اتفاق کرنے پر ایران اور امریکا مذاکرات وقفےکے بعد اتوار کو بھی جاری رہیں گے۔
ادھر ایرانی میڈیا نے بھی کہا ہےکہ اسلام آباد مذاکرات میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے تاہم ماہرین اور تکنیکی سطح پر مزید بات چیت کی ضرورت محسوس کی گئی جس کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مزید بات چیت ہوگی تاکہ ان امور کو حتمی شکل دی جاسکے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران حکومت اس بات پر قائم ہےکہ لبنان میں اس وقت تک مکمل جنگ بندی نہیں ہوئی اور یہ کہ امریکا کی ذمہ داری ہےکہ وہ اسرائیل کو مجبور کرے کہ وہ اس وعدے کو پورا کرے اور ایرانی وفد یہ معاملہ مذاکرات کے کمرے میں موجود پاکستانی ثالث کے سامنے سنجیدگی سے اٹھا رہا ہے۔

