ایران نے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ آئل ٹرمینل پر حملے کی صورت میں بھرپور اور فیصلہ کن جواب سے خبردار کردیا۔
ایرانی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے ایک بیان میں واضح کیا کہ امریکا خارگ میں تیل تنصیبات پر جس ملک سے حملہ کرےگا تو جواب میں اس ملک کی تیل وگیس تنصیبات پر حملہ کیا جائےگا۔
بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے بتایا ایرانی فوج جب بھی کسی معاملے پر وارننگ دیتی ہے تو اس پر عمل بھی کرتی ہے۔
انہوں نے پڑوسی ممالک کو پیغام دیا کہ جو بھی ملک امریکا کی جانب سے خارگ جزیرے پر حملے کے لیے اپنی سرزمین استعمال ہونے دے گا اسے معلوم ہونا چاہیے کہ ایران کے ردعمل میں اس کے توانائی کے مراکز تباہ ہو سکتے ہیں۔
امریکی صدر نے ایک روز قبل ایران کے خارگ جزیرے پر حملےکا اشارہ دیا تھا۔
یاد رہے کہ خارگ ایران کے ساحل سے تقریباً 15 ناٹیکل میل دور ایک اہم جزیرہ ہے جو ملک کا سب سے بڑا تیل برآمدی مرکز سمجھا جاتا ہے، اس جزیرے کے ذریعے ایران کی تقریباً 90 فیصد خام تیل کی برآمدات ہوتی ہیں۔

