کوئٹہ:حکومتِ بلوچستان نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ایک ماہ کے لیے متعدد سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلحہ کی نمائش اور استعمال، ون ویلنگ، بغیر رجسٹرڈ گاڑیوں کا استعمال، گاڑیوں میں کالے شیشے، پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنے، جلوس اور ریلیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر چہروں کو ڈھانپنے، مفلرز، ماسک یا کسی بھی ایسے ذریعے کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی جس سے شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو۔ یہ پابندیاں پورے صوبہ بلوچستان میں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور ان کا اطلاق ایک ماہ تک رہے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی

