کوئٹہ:انسپکٹر جنرل آف پو لیس بلو چستان بلوچستان معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ تاریخ بلوچستان پولیس کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے پولیس نے ہمیشہ دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے ہمراہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے دستہ اول کا کردار ادا کیا ہے شہدا کبھی مرتے نہیں اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یا د رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ دنوں تھانہ نیو سریاب پولیس موبائل پر مستونگ روڈ کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سب انسپکٹر عبدالولی تنولی، کانسٹیبل مختیار احمد اور کانسٹیبل عبدالرحمن کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے موقع پر کی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا ہے کہ ہمارے افسران اور جوانوں کی قربانیا ں راہیگاں نہیں جائیں گی انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلندہیں ہمیں اپنی فرائض کی انجام دی سے کوئی نہیں روک سکتا بلوچستان پولیس نے ہمیشہ عوام کے تحفظ اور امن وامان کی بہتری کے لئے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی اپنی فرائض کی انجام دہی اسی تسلسل سے ادا کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف صف اول میں رہیں گے آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں، مگر ان کی یہ کوششیں بری طرح ناکام ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلوچستان پولیس شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اس موقع پر انہوں نے شہداء کے ایصال ثواب اور لواحقین کے لئے صبر و استقامت کے لئے دْعا کی۔