بلوچستان میں سرمایہ کاری کی استعداد اور مواقع اجاگر کرنے کے سلسلے میں پاک ترک فرینڈشپ فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام استنبول میں پاکستانی قونصلیٹ کے تعاون سے ایک ویب نار کا انعقاد
صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی نے ویب نار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے شرکاءکا خیر مقدم کیا، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نےشرکاءکو دو گھنٹے تفصیلی بریفنگ دی
کوئٹہ(اہم خبرویب ڈیسک)بلوچستان میں سرمایہ کاری کی استعداد اور مواقع اجاگر کرنے کے سلسلے میں پاک ترک فرینڈشپ فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام استنبول میں پاکستانی قونصلیٹ کے تعاون سے ایک ویب نار کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون، استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل بلال پاشا، پاک ترک بزنس فورم کے صدر ڈاکٹر وقار سمیت ترکی کی40 سے زائدکمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی،
پاکستانی قونصل جنرل نے شرکاءکو خوش آمدید کہا،صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی نے ویب نار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے شرکاءکا خیر مقدم کیا، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نےشرکاءکو دو گھنٹے تفصیلی بریفنگ دی اور تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں، فنانشل رجیم، انویسٹنٹ رجیم، حکومتی ترجیحی پالیسیوں، مراعات اور گوادر سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا جس پر ترکی کے سرمایہ کاروں نے مسرت کا اظہار کیا،اس موقع پر انہوں نے مختلف سولات بھی کئے جن کے تسلی بخش جوابات دئیے گئے
ترک کمپنیوں کے نمائندوں نے بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ یہ اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے، کوروناوائرس سے متعلق پابندیاں ختم ہوتے ہی انکا وفد بلوچستان کا دورہ کرے گا، اسکے علاوہ حکومت بلوچستان کی جانب سے ترکی میں مجوزہ روڈ شو میں بھی شرکت کر کے مزید گفت و شنید کرینگے، ترک سرمایہ کاروں نے اس موقع پر بلوچستان انویسٹمنٹ گائیڈ میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور گزارش کی یہ معلومات انہیں ترک زبان میں بھی فروہم کی جائیں
سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے انہیں یقین دلایا کہ استنبول میں پاکستانی قونصلیٹ کے توسط سے بلوچستان انویسٹمنٹ گائیڈ کا ترک زبان میں ترجمہ کیا جائیگااور بی بی او آئی ٹی کی ویڈیوز بھی ترک زبان میں پیش کیا جائیں گی۔